(لاہور نیوز) محکمہ صحت کے ڈینگی ڈیلی ویجز ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر مظاہرین نے کوپر روڈ پر موجود ڈی جی ہیلتھ پنجاب کے آفس کے باہر احتجاج کیا، ملازمین نے احتجاج کے دوران روڈ کو بھی بلاک کر دیا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا 15 سو گھرانوں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے، ڈینگی ڈیلی ویجز ورکرز تنخواہوں سے محروم ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ملازمین اے جی آفس کے چکر لگا کر تھک گئے ہیں۔
ڈینگی ڈیلی ویجز ملازمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے تنخواہیں دلوانے کا مطالبہ کر دیا اور کہا اگر جلد تنخواہیں ادا نہ کی گئی تو محکمہ صحت کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے۔
سی ای او ہیلتھ لاہور کا کہنا تھا جن ملازمین کی تصدیق پی آئی ٹی بی سے ہو گئی ہے ان کو تنخواہیں دی جا رہی ہیں، جن ملازمین کا ریکارڈ نہیں ہے انکو تنخواہیں نہیں ملیں گی۔