04 Oct 2024
(ویب ڈیسک) آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کو چار ارب 90 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل نے سرکاری اداروں کے مالی نقصان کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کو 4 ارب 90 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
رپورٹ میں اس نقصان کا سبب ایندھن کا زائد استعمال بتایا گیا ہے جب کہ دیگر وجوہات میں سگنل، برقی خرابی اور رولنگ سٹاک میں خرابی کی وجہ سے ٹرینوں کو روکنا بتایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرینوں کو فنی خرابی کے سبب روکنے کے باعث ان کی آمدورفت کا شیڈول بھی سخت متاثر ہوا۔
سکھر میں ایندھن کی مد میں 3 ارب 38 کروڑ 70 لاکھ ، ملتان میں ایک ارب 41 کروڑ، راولپنڈی میں ساڑھے سات کروڑ جب کہ کراچی میں تین کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔