شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہم ہے: محسن نقوی
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف کمشنر، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سمٹ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رواں ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سمٹ میں کئی سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں، بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او سربراہی کانفرنس کے موقع پر فول پروف انتظامات کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا، ایس سی او کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورت بنایا جائے گا اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی، تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنا متعین کردہ کردار ادا کریں، سب کو باہمی تعاون سے اس اہم سربراہی کانفرنس کے پر امن اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان میں 15 اور 16 اکتوبر کو ہو گا۔