فارم 47 کی حکومت ہمارے پرامن جلسوں و احتجاج میں مداخلت نہ کرے: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی
(لاہور نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و رہنما تحریک انصاف ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ فارم 47 کی جعلی حکومت ہمارے پر امن جلسوں اور احتجاج میں مداخلت نہ کرے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ہمارا پرامن جلسوں کا ایک سفر صوابی سے شروع ہوا، راولپنڈی لیاقت باغ میں جلسے کیلئے این او سی مانگا انہوں نے نہیں دیا، ہمارے ورکرز کو اٹھایا گیا ، یہ لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ملک میں کوئی قانون نہیں ہے، آپ ملک کو کدھر لے کر جا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جھوٹے مقدمات میں پابند سلاسل ہیں، یہ آئینی عدالتیں بنانے جا رہے ہیں ایسا جمہوری حکومتوں میں نہیں ہوتا، آپ کے اس اقدام میں بدنیتی ہے، آپ عدلیہ کو تباہ کرنے جارہے ہیں، ہماری آپ کے ساتھ جنگ جاری رہے گی۔
ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ہمارے پرامن احتجاج اور جلسے آرہے ہیں، آپ کو فارم 47 کی حکومت ملی ہوئی ہے، آپ کو ہمارے پرامن احتجاج اور جلسوں میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے، ایک جماعت مینار پاکستان پر جلسہ کر کے گئی ہے وہ ہمارے لیے قابل احترام ہے، پی ٹی آئی پر کیوں پابندی ہے، ہم 5 تاریخ کو لاہور میں اپنا پاور شو کریں گے۔