(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں کرائے کا قاتل اور ڈاکو جمیل احمد عرف جیلا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق پولیس ٹیم ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری اور ریکوری کیلئے تھانہ کاہنہ کے علاقے میں لے کر جارہی تھی کہ 4کس نامعلوم ملزمان نے اپنےساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے شوٹر جمیل احمد عرف جیلا شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، رابری جیسی 72 سے زائد خطرناک وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری تھا، ہلاک ملزم نے 2017 میں نصیر آباد لاہور کے علاقہ میں بنک سے رقم نکلوانے والے شہری سے 50لاکھ روپے چھین لیے اور مزاحمت پر قتل کردیا تھا۔
ڈی ایس پی چودھری فیصل شریف نے بتایا کہ سال 2022 میں علاقہ تھانہ حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ میں بھی ملزم نے دوران ڈکیتی شہری کو قتل کر دیا تھا، سال 2019 میں کینٹ راولپنڈی میں بھی ملزم نے دوران ڈکیتی شہری کو فائر مار کر قتل کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مبینہ پولیس مقابلہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ کاہنہ میں درج کرلیا گیا۔