(لاہور نیوز) امپائر علیم ڈار 25-2024 کے ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔
علیم ڈار کو سب سے زیادہ 145 ٹیسٹ اور سب سے زیادہ 231 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہے، علیم ڈار مسلسل تین سال آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔
انہوں نے 1998 کی قائداعظم ٹرافی کے دوران فرسٹ کلاس امپائرنگ کا آغاز کیا، 2003 سے 2023 تک علیم ڈار نے امپائرز کے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے اپنی انتظامی مہارت، کھیل کے حالات کی سمجھ بوجھ، پرسکون رویے اور شاندار فیصلہ سازی کیلئے عالمگیر شہرت حاصل کی۔
اس حوالے سے امپائر علیم ڈار کا کہنا ہے کہ اپنے پورے کیریئر میں کھیلوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اپنے سماجی کاموں اور ہسپتال کے منصوبے پر مکمل توجہ دوں ، آنے والے امپائرز کی رہنمائی کے لیے ہر وقت دستیاب رہوں گا۔