(لاہور نیوز) سولر کی درآمد میں مسلسل اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں کمی ہونے لگی۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق گزشتہ 7 مہینوں میں 13 ہزار میگاواٹ سولر امپورٹ ہوا ہے، انڈسٹریز اپنا زیادہ لوڈ سولر پر شفٹ کر رہی ہیں، اس وجہ سے انڈسٹری کی ڈیمانڈ کم ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے سابق چیئرمین این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کے لوڈ میں مسلسل کمی سے گھریلو صارفین پر مزید بوجھ پڑے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے مطابق بجلی کے بھاری بلوں میں اضافہ اور کھپت میں مسلسل کمی ہورہی ہے، اگست میں بجلی کی کھپت 20 فیصد کم رہی۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی طلب میں کمی پر نیپرا اتھارٹی کو تشویش ہے، ممبر نیپرا نے بتایا کہ انڈسٹری اور زرعی شعبے کی طلب کم ہوئی ہے، بجلی کی قیمت بڑھنا بھی طلب میں کمی کی ایک وجہ ہے۔
نیپرا کے ایک اور ممبر کا کہنا تھا کہ انڈسٹری بند ہورہی ہے اس وجہ سے بجلی کی طلب کم ہورہی ہے، گزشتہ پانچ چھ ماہ سے بجلی کی طلب میں کمی کے بارے میں کوئی سٹڈی نہیں ہے، ہمارے پاس کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے کہ طلب کیوں کم ہورہی ہے؟