(لاہور نیوز) آئی سی سی وفد نے کراچی اور پنڈی سٹیڈیم کے بعد قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیمپئن ٹرافی 2025 کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وفد نے قذافی سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کیا، پی سی بی حکام نے آئی سی سی کے وفد کو سٹیڈیم کے تعمیراتی کام پر بریفنگ دی، پی سی بی حکام نے آئی سی سی کے وفد کو ٹریننگ وینیوز کا دورہ بھی کرایا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے وفد کو سکیورٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، وفد نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل مینجمنٹ سے ملاقات بھی کی، وفد کے سیف سٹی اتھارٹی کا وزٹ کرنے کا بھی امکان ہے۔
آئی سی سی وفد میں جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان، سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر شامل ہیں، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون زیدی، سکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر اور براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج بھی وفد کا حصہ ہیں۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفد کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں وفد نے کراچی اور پنڈی سٹیڈیم میں کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، آئی سی سی وفد لاہور میں تمام جائزہ لینے کے بعد دبئی روانہ ہو جائے گا۔