(لاہورنیوز)چیمپئنز ون ڈے کپ کے ساتویں میچ میں سٹالینز نے ڈولفنز کو 174 رنز سے با آسانی شکست دیدی۔
فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے سٹالینز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے، سٹالینز کے بلے باز بابراعظم 100 گیندوں پر 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سٹالینز کی جانب سے یاسر خان نے 46، شان مسعود نے 34، طیب طاہر نے 33 رنز بنائے جبکہ تین کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے، کپتان محمد حارث 6، جہانداد خان 8 اور مہران ممتاز 3 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ حارث رؤف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ڈولفنز کی جانب سے میر حمزہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، قاسم اکرم، سفیان مقیم اور سعود شکیل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈولفنزکی پوری ٹیم 25 اوورز میں صرف 97 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ڈولفنز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 32 رنز کیساتھ نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی 21، کپتان سعود شکیل 12،عمر امین 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔
سٹالینز کی جانب سے جہانداد خان اور مہران ممتاز نے 3،3 جبکہ ابرار احمد اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔