(لاہورنیوز)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نے ئینی ترمیم کا معاملہ کیوں پراسرار بنایا؟
سینیٹ اجلاس اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چھٹی کے باوجود اجلاس بلایا گیا، بازگشت ہے کہ آئینی ترمیم لائی جارہی ہیں،آئینی ترمیم یا قانون سازی کرنا ایوان کا حق اور ذمہ داری ہے، قانون سازی سے پہلے کچھ چیزیں کرنا لازمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلد بازی میں یہاں سے قانون سازی کرائی جاتی ہے، کبھی آئی ایم ایف کبھی کسی اور کا کہہ کر بلز بلڈوز کئے جاتے ہیں اور نہ ہی قانون کی تیاری ہوتی ہے، بس بندے توڑنے اور وفاداریوں پر فوکس ہے۔شبلی فرازکا کہنا تھا کہ رحیم یارخان کا الیکشن ہوا فوراً الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، الیکشن کمیشن نااہل ہے ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ابھی تک قانون سازی کے مسودے کو حکومتی اور اپوزیشن ممبران سے شیئر نہیں کیا گیا، یہ کونسی روایات قائم کی جارہی ہیں؟9 ستمبر کا واقعہ نہ دہرایا جائے، قانون سازی جلد بازی کی بجائے مکمل بحث کے بعد کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کا معاملہ کیوں پراسرار بنایا گیا ہے؟ آپ سے نمبر پورے نہیں ہورہے دوسری تدابیر سے کام کروا رہے ہیں، حکومت آئینی ترامیم کے معاملے پر نکاح بالجبر کروا رہی ہے، آئینی ترمیم کے لئے آئین نے کڑی شرائط رکھی ہیں۔