(ویب ڈیسک) آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر قرض سے متعلق معاملات طے پانے اور سٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود میں کمی کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔
پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی رہی، تیزی کے سبب 42 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 78 ارب 14 کروڑ 43 لاکھ 11 ہزار 911 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 315.44 پوائنٹس کے اضافے سے 79333.05 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ڈالر
دریں اثنا زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں چوتھے دن بھی ڈالر تنزلی سے دوچار رہا، کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 28 پیسے کمی کے بعد 278 روپے 16 پیسے کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10 پیسے کی کمی سے 280 روپے 75 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
شرح سود میں کمی کا اصل اثر پیر کے دن آئے گا، حکومت کو سود کی مد میں ادائیگی میں ریلیف ملنے سے روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔
سونا مہنگا
علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس سے جمعے کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2900 روپے کے اضافے سے 265900 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی اور دس گرام سونے کی قیمت بھی 2486 روپے کے اضافے سے 226337 روپے کی بلند سطح پر آگئی ہے۔