(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ جو پیسے کے پی کی عوام پر لگنے چاہئے تھے وہ جلوسوں پر لگائے گئے۔
اپنے ویڈیو بیان میں سینیٹر طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسے میں بھڑکوں کے علاوہ کچھ نہیں، گزشتہ چھ مہینے سے جس کا شور تھا وہ کل ختم ہوا، جلسہ کریں گے، پورا پاکستان نکلے گا، ہر شہر گلی سے لوگ نکلیں گے مگر کل اسلام آباد کا ایک گراؤنڈ بھی بھرا نہیں جا سکا۔
طلال چودھری نے کہا ہے کہ اس جلسے میں تقریریں کیا بہترین بھڑکیں تھیں، مجھے اپنے بچپن کی ’سلطان راہی‘ کی فلمیں یاد آ گئیں جس میں بھڑکیں سن کر ہنسی ہی نکل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا علی امین گنڈاپور کا مستقبل وزارت اعلیٰ سے اڈیالہ جیل نظر آ رہا ہے، علی امین گنڈا پور کہتا ہے کہ 15 دن میں عمران خان کو رہا کرو ورنہ خود آ کر رہا کرا لوں گا، یہ تو ہو سکتا ہے کہ 15 دن بعد تم اڈیالہ جیل آؤ مگر یہ نہیں ہو سکتا ہے عمران خان اڈیالہ جیل سے پشاور جائے۔
طلال چودھری نے کہا کہ اس جلسے میں کہا گیا کوئی قانون سازی ہو گی تو تحریک چلائیں گے، قانون سازی پارلیمان کا حق ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف، معیشت کی بہتری، انتشار کے خاتمے اور سیاسی استحکام کی خاطر قانون سازی ہو گی۔