(ویب ڈیسک)دُنیا بھر میں اپنی منفرد گائیکی کی وجہ سے شہرت پانے والے اسٹار گلوکار عاطف اسلم کے ہم آواز ڈاکٹر نے مداحوں کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر سرمد سلمان نامی پاکستانی نوجوان ڈاکٹر کی موسیقی کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں، ان ویڈیوز نے عاطف اسلم کے مداحوں کو چونکا ڈالا ہے کیونکہ سرمد سلمان کی آواز بالکل عاطف اسلم جیسی ہے۔عاطف اسلم کے گانے کو اگر سرمد سلمان کی آواز میں سُنا جائے تو یہ پہچاننا بہت مشکل ہے کہ یہ واقعی اُن کی آواز ہے یا پھر وہ عاطف اسلم کی آواز پر لِپ سنک کررہے ہیں۔
سرمد سلمان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی گلوکاری کی متعدد ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جن پر صارفین کی جانب سے اُن کی آواز کی خوب تعریف کی جارہی ہے۔ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ سرمد سلمان تو عاطف اسلم کے ہم آواز ہیں، صرف یہی نہیں صارفین نے کمنٹ سیکشن میں عاطف اسلم کو بھی مینشن کیا۔
سرمد سلمان کی انسٹاگرام بائیو کے مطابق اُنہوں نے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ بچوں کے ڈاکٹر ہیں جبکہ وہ میوزک آرٹسٹ بھی ہیں۔اس کے علاوہ، ڈاکٹر سرمد سلمان کے انسٹاگرام پر اُن کی عاطف اسلم، علی ظفر اور حدیقہ کیانی سے ملاقات کی تصاویر بھی موجود ہیں۔