(ویب ڈیسک) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 ستمبر سے مسلسل چوتھی مرتبہ نمایاں کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی بین الاقوامی قیمتوں میں تقریبا 5 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس کمی کے اثرات پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑیں گے۔
بشرطیکہ پٹرولیم لیوی میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے اور حتمی شرح تبادلہ کے حساب اور موجودہ ٹیکس کی شرحوں کو مدنظر رکھا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کی کمی متوقع ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 16 ستمبر سے 249.10 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 252.75 روپے ہو جائے گی۔
تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا حتمی اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کو حکومت نے ماہ کے پہلے دو ہفتوں کے لیے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 1 روپے 86 پیسے اور 3 روپے 32 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔