(ویب ڈیسک) وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں 8 کروڑ افراد نفسیاتی مسائل کے شکار ہیں۔
پاکستان میں ذہنی امراض میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے تاہم وزارت صحت نے اعداد وشمار قومی اسمبلی میں پیش کردیئے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں 8 کروڑ افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں، ملک کے تمام بڑے اسپتالوں میں نفسیاتی علاج کی سہولیات موجود ہیں، میڈیکل کالجوں میں ذہنی امراض اور شعبہ نفسیات کام کررہے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں رائے حسن نواز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں شروع ہونے والی ہیلتھ کارڈ سروسز بند ہوگئیں،عوام کو سہولت دی گئی تھی کیا اس کی بندش کی سیاسی وجوہات ہیں؟
وفاقی وزیرجام کمال نے جواب دیا کہ حکومت نے سیاسی وجوہات کی بنا پر کوئی سروس بند نہیں کی، کارڈ کے پراسس کی وجہ سے اسلام آباد میں کچھ بے ضابطگی پائی گئی تھی، اس لیے اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی حد تک سروس معطل ہے، اسٹیٹ لائف سے ملا ہوں جلد بحالی کی کوشش ہوگی۔