(لاہور نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 7 ستمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیکل کانفرنس "میڈکون 2024" کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان کے ہیلتھ کئیر سسٹم میں درپیش چیلنجز، حکمت عملی، ڈیجیٹل گیجٹس اور میڈیکل کے شعبے میں پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈرز اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطالبات کو خراج تحسین پیش کرنا، میگا ایونٹ کے مقاصد میں شامل ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پروگرام میں پبلک ہیلتھ سسٹم اور ڈیجیٹل ہیلتھ سے متعلق سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے، ’میڈ کون‘ کی تیاریوں کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف، سفیان احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز نذیر اور شعیب ہاشمی نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میڈکون 2024" کے مختلف سیشنز میں ملک کی نمایاں شخصیات اظہارخیال کریں گی،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان ہیلتھ کیئر سسٹم کو درپیش چیلنجز و ضروریات اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالیں گے۔
ڈیجٹل ہیلتھ اور غزہ فلسطین کی صورتحال سے متعلق اہم سیشن میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، انسانی بحران، درپیش چیلنجز و ضروریات پر غزہ میں الخدمت اور پیما کے موثر کردار اور آئندہ کے منصوبوں پر اظہار خیال کریں گے۔
ملک کے مایہ ناز ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی جانب سے طلبہ کو شعبہ صحت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، میڈیکل ضابطہ اخلاق اور مختلف میڈیکل گائیڈلائنز کے حوالے سے لیکچرز بھی دیئے جائیں گے۔