(لاہور نیوز) احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کے تفتیشی افسر پر جرح مکمل نہ ہو سکی۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی، ریفرنس کے تفتیشی پر جرح آج بھی مکمل نہ ہو سکی، آئندہ سماعت پر بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا تفتیشی پر جرح جاری رکھیں گے۔
ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر نیب کا جواب نہ آنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی، درخواست گزار کے وکیل عثمان گل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 8 سماعتوں سے نیب جواب دینے سے گریز کر رہی ہے، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت مزید 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
علاوہ ازیں توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، نیب کی جانب سے تیاری کیلئے عدالت سے مہلت طلب کی گئٰ جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کر دی۔