(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمے میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما اپنے سسر جمیل ملک اور وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔
وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ عالیہ حمزہ کیخلاف ایف آئی اے میں سائبر دہشتگردی الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عالیہ حمزہ نے اس مقدمہ میں عبوری ضمانت حاصل کی ہے؟ جس پر وکیل عالیہ حمزہ نے کہا کہ سائبر کرائم مقدمہ کی بابت کوئی اطلاع نہیں تھی۔
بعدازاں عدالت نے عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمہ میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی، عدالت نے تحقیقاتی اداروں کو مزید کارروائی کیلئے قانونی دائرہ کار میں رہنے کا حکم بھی دے دیا۔
واضح رہے کہ عالیہ حمزہ کے شوہر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اہلیہ پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی،عدالت عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔