(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہڑتالوں سے کام نہیں چلے گا، ٹیکس دینا ہو گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا مہربخاری کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم معاشی گروتھ کی طرف جا رہے ہیں، آج عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، اچھی خبر یہ ہے کہ موڈیز نے پاکستان کا گریڈ بہتر کر دیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پہلی بار ایف بی آر کے نظام کو موثر بنایا جا رہا ہے، ایف بی آر کے اندر انتہائی کرپٹ بیوروکریسی رہی ہے، غیر دستاویزی بلیک اکانومی کا خاتمہ ہو گا، حکومت ٹیکس کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوازشریف کے لندن جانے کے حوالے سے ابھی تک میرے پاس خبر نہیں آئی، لندن جانے کی خبروں کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی، مولانا کے گلے، شکوے دور ہو سکتے ہیں، مجھے امید ہے مولانا دوبارہ ہماری صفوں میں بیٹھیں گے، سیاست میں بات چیت سے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار نے پارٹی ڈکلیئر نہ کی ہو تو پھر کوئی بھی جماعت رابطہ کر سکتی ہے، اس کا بھی امکان موجود ہے، ابھی آزاد ممبران سے رابطے نہیں ہوئے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزارت قانون جب بہتر سمجھے گی چیف جسٹس کا نوٹیفیکشن جاری کر دے گی، اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، بظاہر قانون کے مطابق اگلے چیف جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈا پور میٹنگ میں کچھ اور کیمرے پر کچھ اور ہوتے ہیں، علی امین گنڈا پورکی مجبوریوں کو سمجھتا ہوں، حکومت نے ہی علی امین گنڈا پور سے رابطہ کیا تھا، علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو جو جیل سے کہا جاتا ہے وہی کہتے ہیں، عطا تارڑ نے اسٹیبلشمنٹ سے متعلق تحریک انصاف سے رابطوں کی نفی کر دی جبکہ علی امین گنڈا پور کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔