(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں نئی تحصیلیں بنانے کا فیصلہ کر لیا، تحصیلوں کے اعتبار سے لاہور پنجاب کا سب بڑا شہر بن گیا ہے۔ ۔
صوبائی دارالحکومت کا شہر لاہور تحصیلوں کے اعتبار سے صوبہ پنجاب کا سب بڑا شہر بن گیا ہے، جس میں مزید پانچ تحصیلوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر اب لاہور کی دس تحصیلیں بن گئی ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے لاہور کی نئی پانچ تحصیلوں کی منظوری دی گئی تھی، اس سلسلے میں تحصیلوں سے متعلقہ اضافے کا نوٹیفکیشن بورڈ آف ریونیو کی طرف سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ نئی تحصیلوں کیلئے 5 اسسٹنٹ کمشنرز کی خدمات کمشنر لاہور کے سپرد کی گئی ہیں، نئی پانچ تحصیلوں میں نشتر، واہگہ، اقبال ٹاون، راوی اور صدر شامل کی گئی ہیں جبکہ موجودہ 5 تحصیلوں میں رائیونڈ، ماڈل ٹاون، لاہور کینٹ، لاہور سٹی اور شالیمار چل رہی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تحصیل رائیونڈ میں 51 موضع جات، تحصیل علامہ اقبال میں 19 موضع جات، تحصیل نشتر میں 42 موضع جات، تحصیل ماڈل ٹاون میں 21 موضع جات اور تحصیل لاہور کینٹ میں 35 موضع جات شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحصیل صدر میں 62 موضع جات، تحصیل واہگہ میں 62 موضع جات، تحصیل شالیمار میں 22 موضع جات، تحصیل راوی میں 23 موضع اور تحصیل لاہور سٹی میں 26 موضع جات شامل کئے گئے ہیں۔