(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے فتنہ پارٹی تسلیم کر لے اس کے ستو مک چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گرگٹ رنگ بدلتا ہے لیکن اس کی فطرت نہیں بدلتی، پوری تحریک انصاف گنگا نہا کر بھی آجائے تو نو مئی کے سیاہ دھبے ان کے دامن سے نہیں مٹ سکتے، دھرنے اور جلسے اڈیالہ جیل کے قیدی کا کاروبار ہیں، دھرنوں اور جلسوں کے بغیر فتنہ پارٹی کو نہ بیرونی فنڈنگ ملتی نہ ڈیجیٹل دہشتگردوں کو تنخواہیں دے پاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ایک سال سے فتنہ پارٹی جلسے جلوس نہ کرنے سے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے، اب فوج کی حرمت اور تقدس پر نو مئی والے ہمیں لیکچر دیں گے، اللہ کی شان ہے، آپ لوگوں کے بھیانک چہرے اور بدبودار سیاست کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے، علی امین گنڈاپور کے پانچ پانچ ہزار کے نوٹ بانٹنے کی ویڈیو کے پی حکومت کے منہ پر تھپڑ ہے۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا میوزک کنسرٹ اور پیسے بانٹ کر لوگ اکٹھے کرنے والے کہتے ہیں قوم ہمارے ساتھ ہے، اڈیالہ جیل کے قیدی کے ساتھ قوم نہیں دیہاڑی دار اور ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں، قوم پاکستان کے ساتھ ہے، مسلم لیگ نون کے ساتھ ہے۔