(ویب ڈیسک )معروف اداکار حمزہ سہیل نے اپنے نیٹ فلکس ڈیبیو کی تیاری کر لی جس سے مداحوں اور انڈسٹری کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
حمزہ سہیل نے 2021 میں ڈرامہ ’رقیب سے‘ کے ساتھ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور جلد ہی شہرت حاصل کی۔2023 میں انہوں نے نوجوان اداکارہ سحر خان کے ساتھ ڈرامہ سیریز ’فیری ٹیل‘ میں کام کیا،جس میں ان کی آن اسکرین کیمسٹری نے ناظرین کو متاثر کیا اور انہیں راتوں رات مشہور کر دیا جبکہ حال ہی میں، انہوں نے سجل علی کے ساتھ ڈرامہ ’زرد پتوں کا بن‘ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اب حمزہ سہیل نیٹ فلکس پر اپنے پہلے پروجیکٹ کے لیے تیار ہیں، جسے انہوں نے خود لکھا ہے۔ یہ سیریز ایک رومانوی کامیڈی ہے، اور حمزہ نہ صرف اس کے اسکرپٹ رائٹر ہوں گے بلکہ مرکزی کردار بھی ادا کریں گے۔
حمزہ سہیل نے پہلے Zee5 کے پروجیکٹ ’مسٹر اینڈ مسز شمیم‘ میں کام کیا ہے، لیکن یہ ان کا نیٹ فلکس پر پہلا بڑا پروجیکٹ ہوگا، جس میں وہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔