(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے لاہور کے 9 مئی کے واقعات میں نامزد ملزم حماد نذیر کی درخواست ضمانت پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔
ملزم حماد نذیر کی درخواست ضمانت پر جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ نے سماعت کی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ ملزم پر کیا الزام ہے؟ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ملزم پر پولیس کانسٹیبل کو ڈنڈا مار کر زخمی کرنے کا الزام ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار کو ہجوم نے پتھر مار کر زخمی کیا تھا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا ملزم موقع پر موجود تھا؟ وکیل نے بتایا کہ ملزم دکاندار ہے اور موقع پر موجود نہیں تھا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ کیا ملزم کی موجودگی کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج ہے؟
جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ ملزم کی موجودگی کے کیا شواہد پیش کیے گئے ہیں؟ ملزم کے وکیل نے بتایا کہ کوئی سی سی ٹی وی پیش نہیں کی گئی اور نہ شواہد موجود ہیں۔
عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔