شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ پر خوب بادل برسے، فیصل چوک، کوئنز روڈ، قرطبہ چوک ، شمع، سمن آباد، اچھرہ اور اطراف میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
کینال روڈ، ٹاؤن شپ، جیل روڈ، فیروز پورروڈ، چونگی امرسدھو ، کاہنہ، گجومتہ اور اطراف میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، ایم اےاو کالج، ساندہ، چوہان روڈ ، بند روڈ ، گلشن راوی میں بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔
اسی طرح مغلپورہ، دھرم پورہ، عامر روڈ، باغبانپورہ، تاجپورہ، پانی والا تالاب اور کینٹ ایریا میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
موسلادھار بارش کے باعث لکشمی چوک میں پانی جمع ہو گیا، جی پی او چوک بھی بارشی پانی سے بھر گیا جبکہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر بھی پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو گزرنے میں دقت کا سامنا رہا۔
شہر بھر میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، کئی علاقوں میں بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 اگست سے پنجاب میں بارشوں کے نئے نظام کی آمد ہو گی، مغربی ہواؤں کے باعث بننے والا نظام خوب بارشیں برسائے گا، بارشوں کے باعث جنوبی پنجاب کی رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔