(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر کے اپیل پر سماعت کل کے لیے مقرر کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے اعتراض کے ساتھ انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواستگزار ایمان مزاری نے بتایا کہ درخواست پر رجسڑار آفس نے اعتراض عائد کر رکھا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ تین اعتراضات کو جوڈیشل سائیڈ پر دیکھیں گے، چوتھا اعتراض درخواست میں نامناسب زبان کے استعمال کا ہے۔
اس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے صرف ٹویٹ ساتھ لگایا ہے، اس میں نامناسب زبان استعمال نہیں کی گئی، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ کل ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کی استدعا منظور کرتے ہوئے کل کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی اور ساتھ ہی عدالت نے رجسڑار آفس کے اعتراضات بھی دور کردیئے۔
یاد رہے کہ 16 اگست کو ملک میں فائر وال کی تنصیب و انٹرنیٹ بندش کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی تھی۔