(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں اداکارہ نمرہ خان کےمبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا۔
ایس ڈی پی او درخشاں کے مطابق واردات اغوا کی کوشش نہیں بلکہ ہراسانی کا واقعہ تھا، تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم ایک ہی تھا۔
ایس ڈی پی او درخشاں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں خواتین کو ہراساں کرنے کے دو واقعات ہوئے ہیں، دونوں واقعات کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار 11 اگست کی شام 7 بج کر 21 منٹ پر پیش آیا تھا۔
نمرہ خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنائی اور اداکارہ نے اغوا کی کوشش کی دل دہلا دینے والی تفصیل صارفین کو بتائی۔
اداکارہ کے مطابق جب وہ ڈیفنس کے ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں، ان کی فیملی انہیں پِک کرنے آرہی تھی کہ گاڑی ٹریفک میں پھنس گئی جس کے بعد بارش شروع ہوگئی اور وہ ہوٹل کے باہر کھڑی انتظار کرنے لگیں۔
نمرہ نے بتایا کہ 3 مسلح افراد آئے اور ان کے قریب گاڑی روکی، اسلحہ کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی گئی۔
نمرہ خان نے کہا کہ اس میں سے ایک شخص نے میرے پیٹ پر بندوق رکھی جس کے بعد میں نے چیخیں مارنا شروع کردیں اور مزاحمت کرکے بھاگی، جس وقت یہ ہو رہا تھا اس وقت ہوٹل کے گارڈز سامنے تھے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، میں بھاگی، میری کسی نے مدد نہیں کی، اس وقت کچھ بھی ہو سکتا تھا وہ پیچھے سے مجھے گولی مار سکتے تھے لیکن میں بچ گئی۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں اداکارہ کو سڑک کے کنارے اپنی گاڑی کا انتظار کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور پھر مذکورہ واقعہ پیش آیا۔