(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کی، وفاقی حکومت کے وکیل رانا نعمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے سے معلوم کرنا پڑے گا انٹرنیٹ کیوں سلو کیا ہوا ہے، استدعا ہے ہمیں انٹرنیٹ کی بندش پر تفصیلی رپورٹ فائل کرنے کی مہلت دی جائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ کی بندش پر حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا؟
جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے اور آپ کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے آپ کے پاس مناسب معلومات ہی نہیں،عدالت اس پر مناسب احکامات جاری کرے گی، ابھی فیصلہ محفوظ کررہا ہوں۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔