(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت گوجرانوالہ نے 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں تفتیش مکمل نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی ہنگامہ آرائی مقدمے میں عمر ایوب اور زرتاج گل کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جے آئی ٹی کی جانب سے انسپکٹر طاہر محمود عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تفتیش مکمل نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا، تفتیشی افسر نے کہا کہ عمر ایوب اور زرتاج گل شامل تفتیش نہیں ہوتے اس لئے تفتیش مکمل نہیں ہو سکی۔
عمرایوب نے عدالت میں بتایا کہ تفتیش مکمل نہ ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، عدالت کے اندر یا باہر ابھی شامل تفتیش کر لیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ جے آئی ٹی کے ہیڈ ملزمان کو شامل تفتیش کریں گے، پراسیکیوٹر زاہد سرفراز کا کہنا تھا کہ عمر ایوب، زرتاج گل اور دیگر کو ایک تاریخ مقرر کر کے بلائیں گے۔
بعدازاں عدالت نے سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔