تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود و دیگر کیخلاف جیل ٹرائل کی سماعت ملتوی
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی و دیگر کیخلاف جیل ٹرائل کی سماعت ملتوی کردی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج خالد ارشد نے تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ کی کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔
مقدمہ کے برضمانت ملزمان حاضری کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں پیش ہوئے جبکہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی۔
پولیس نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں نئے ملزمان کا ضمنی چالان پیش کیا، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے مقدمہ میں فرد جرم کو چیلنج کیا۔
ملزمان کے وکیل برہان معظم نے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمیں بتایا جائے ہم پر الزامات کیا ہیں، دو پولیس اہلکاروں کے بیان پر پنجاب میں 45 مقدمات درج ہوئے۔
وکیل برہان معظم نے عدالت سے استدعا کی کہ جن اہلکاروں کے بیان پر مقدمات درج ہوئے ان کو آئندہ سماعت پر عدالت طلب کیا جائے۔
بعدا زاں عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں پولیس اہلکاروں کو طلب کرتے ہوئے جیل ٹرائل کی مزید سماعت 10 اگست تک ملتوی کردی۔
علاوہ ازیں زمان پارک اور راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیسز کا جیل ٹرائل بھی ہوا، عدالت نے دیگر کیسز میں بھی سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ تمام کیسز میں پی ٹی آئی رہنماوں پر بغاوت اور کارکنان کو اکسانے کا الزام ہے جبکہ پولیس نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس کا چالان جمع کرا رکھا ہے۔