05 Aug 2024
(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام کشمیری شناخت اور وقار کو مٹانے کی گھناؤنی سازش تھی۔
یوم استحصال کشمیر پر اپنے ایک پیغام میں نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی، ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کا حل خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے، پاکستانی قوم اللہ تعالی کے حضور مظلوم کشمیریوں اور غزہ کے مسلمانوں کے لئے ہر لمحہ دعاگو ہے۔