(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں بدل کر جبر و استبداد کی نئی مثال قائم کی ۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر شہید، ہر مظلوم اور محصور، مقبوضہ کشمیر کی ماؤں،بہنوں، بیٹیوں اور بیٹوں کو میرا سلام۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں بدل کر جبر و استبداد کی نئی مثال قائم کی، دنیا کب تک آنکھیں بند کر کے بیٹھے گی، کب تک کشمیری جبر و بربریت کا شکار ہوتے رہیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیرقانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی، پاکستان دنیا کے ایوانوں میں کشمیریوں کی آواز اٹھاتا رہے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام اور ترقی وخوشحالی ممکن ہے، ہر پاکستانی کا دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ، کشمیری بہن، بھائیوں کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔