(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے تین مقدمات میں عمرایوب ، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے تین مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ ان کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت دیگر ملزمان نے عدالت پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔
بعدازاں عدالت نے عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت سانحہ 9 مئی کے تین مقدمات میں عمر ایوب، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 10 اگست تک توسیع کا حکم جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ اور تھانہ شادمان میں مقدمات درج ہیں۔
9مئی کے مقدمات جعلی اور جھوٹے ہیں: عمر ایوب
بعدازاں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم پر پورے پاکستان میں جو مقدمات بنائے گئے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، 9 مئی کے مقدمات جعلی اور جھوٹے کیس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں کچھ ہے ہی نہیں القادر ٹرسٹ کا کیس ہی نہیں بنتا۔
عمرایوب کا کہنا تھا کہ عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی بری ہو چکے ہیں، عالیہ حمزہ پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور ہیں، کرپشن کا بازار جو پیپلز پارٹی گرم کر رہی ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔