(لاہور نیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال مؤخر ہونے کے بعد پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی بحال ہو گئی، محکمہ خوراک پنجاب نے مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی اور قیمتوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال مؤخر کردی جس کے بعد پنجاب میں گندم کی گرائنڈنگ کا عمل جاری ہے۔
سیکرٹری فوڈ معظم اقبال نےتمام ڈویژنل افسران سے ویڈیو لنک میٹنگ کی اور ہڑتال کے بعد مارکیٹ میں آٹا سپلائی و قیمتوں کی نگرانی پر مبنی رپورٹ طلب کرلی۔
پنجاب کے سیکرٹری فوڈ معظم اقبال نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ خوراک کے تمام افسران چھٹی کے باوجود فیلڈ کارروائیاں جاری رکھیں، ہڑتال کے باوجود آٹا قیمتوں اور سپلائی کی فراہمی یقینی بنانے پر افسران کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی آڑ میں آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالے آٹا ڈیلرز اور ریٹیلرز کیخلاف مقدمات درج کروائے جائیں، محرم الحرام کے پیش نظر مارکیٹ میں آٹا سٹاک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آٹے کے معیار اور وزن پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق آٹا قیمتوں میں اضافے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر کام جاری رکھا جائے۔