(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واضح کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے چھٹی کے روز بھی اجلاس بلالیا، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی ریلیف عوام تک پہنچانے کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے۔
مریم نواز نے پٹرول کی قیمت میں 35 روپے کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے وزارت ٹرانسپورٹ اور پولیس کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لئے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی پنجاب نے شکایات اور معائنہ کمیشن کوبھی فوری اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول میں کمی کا بڑا ریلیف کرایوں میں کمی کی صورت عوام کو پہنچایاجائے، روٹی اور کرایوں سمیت دیگر اشیاءکی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔