(لاہور نیوز) رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے والے آرڈیننس کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم 20 جون کو سنی اتحاد کونسل کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا کہ الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے نامزد کردہ جج تعینات کرنے کا پابند ہے، الیکشن آرڈیننس 2024 لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کمزور کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے والے الیکشن آرڈیننس 2024 کو غیر قانونی قرار دیا جائے، آرڈیننس کے تحت پنجاب میں بطور الیکشن ٹریبونل ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے سے روکا جائے۔