ٹی 20 ورلڈ کپ:جنوبی افریقا نے بنگلہ دیش کو ہرا کر سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا
(لاہور نیوز) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں جنوبی افریقا بنگلہ دیش کو 4 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے میں داخل ہونیوالی پہلی ٹیم بن گئی۔
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مرکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔
114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا سکی، بنگلہ دیش کی طرف سے توحید ہردوئے 37، محموداللہ 20 اور نجم الحسن شانتو 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، انکے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی جانب سے ہینرک کلاسین 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ ملر 29 جبکہ کوئنٹن ڈی کوک 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان ایڈن مرکرم 4، ریزا ہینڈرکس اور ٹرسٹن اسٹبس 0، 0 رنز بنا کر پویلین لوٹے، مارکو جینسن 5 اور کیشو مہاراج 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسین ثاقب نے 3، تسکین احمد نے 2 اور رشاد حسین نے 1 وکٹ حاصل کی۔