(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے ہتک عزت بل کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے پنجاب حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر کڑی تنقید کرتےہوئے کہا کہ ٹک ٹاکر پنجاب حکومت کی 100دن کی کارکردگی کیا ہے؟ ہتک عزت بل ان کی 100 دن کی کارکردگی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہتک عزت بل پر بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے،پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہونے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن ہتک عزت قانون پر ان کا کیا کردار ہے؟ پیپلز پارٹی کے گورنر بیرون ملک چلے گئے، سپیکر قائم مقام گورنر بنا تو بل پر دستخط کردیئے۔
"ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں"
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے ہی کہتے تھے ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،تحریک انصاف صحافیوں کے ساتھ ہے،ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ گندم نہ خریدنا، کسانوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانا پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی ہے،سو دن میں انہوں نے کینسر ہسپتال کے لیے 30ارب روپے کا اعلان کیا مگر 30 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے،30 کروڑ کے فنڈز میں 5 کلومیٹر سڑک نہیں بنتی۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ صحت کارڈ اور کسان کارڈ ہمارے پراجیکٹس تھے،یہ ہمارے ہی منصوبے ہیں جن کو اپنے نام سے شو کر رہے ہیں، 100دن میں انہوں نے مقدمات کے سوا کچھ نہیں کیا، ان کی 100 دن کی کارکردگی دیکھیں کیا ایک بھی اپنا منصوبہ شروع کیا؟ یہ ہسپتالوں میں ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں۔
"ٹک ٹاکر پنجاب حکومت فیل ہو گئی"
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسان کو زمین میں دھنسا دیا، حکومت نے کسان کارڈ کا نام نواز شریف کارڈ رکھ دیا، گندم کے معاملے پر ٹک ٹاکر حکومت فیل ہوگئی ہے، انہوں نے آئی جی پنجاب کو صرف پی ٹی آئی پر کارروائیوں کے لئے رکھا ہوا ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پرامن جماعت ہے، ان کے 3 ماہ میں پچیس فیصد مہنگائی ہوئی ہے،یہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ وفاق سے مشروط کر رہے ہیں، مہنگائی کے اعتبار سے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ بہت کم ہے۔