(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم ملک کی خدمت کرنے اور اجاڑنے والوں کا موازنہ کرے۔
مری میں سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے دن رات پاکستان کی خدمت کی ہے، جو بڑا کام پاکستان میں ہوا اس کے پیچھے مسلم لیگ ن ہے، جنگلا بس کہنے والے پشاور میں اربوں روپے کھا گئے، پشاور میٹروبس گھپلوں کی انکوائری سامنے نہیں لائی گئی۔
ہمیں حق کو حق اور باطل کو باطل کہنا ہو گا
انہوں نے کہا کہ کیا وجہ تھی ایک جمہوری حکومت کو اکھاڑ پھینکا گیا، میں نے جیل میں بیٹھ کر سب کچھ پڑھا، پرویز مشرف نے حکومت کو باہر پھینکا، پرویز مشرف دنیا سے چلے گئے، اب شکوہ کیا ہو گا، ہمیں حق کو حق اور باطل کو باطل کہنا ہو گا۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو آسمان تک پہنچا دیا گیا، قوم کو موازنہ کرنا چاہئے کس نے ملک کی خدمت اور کس نے اجاڑا، پاکستان میں غریبوں کا جینا مشکل کر دیا گیا، میں تو گھر گھر بجلی پہنچا کر گیا بلکہ نکالا گیا تھا، آئی ایم ایف نے خود کہا تھا اب شاید پاکستان کو ہماری ضرورت نہیں پڑے گی۔
قائد مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عمدہ انسان ہیں، انہوں نے بہادری سے جیل کاٹی اور میرا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو ملک ترقی کر رہا ہوتا، شہباز شریف محنت سے کام کر رہے ہیں، ان کو شاباش دوں گا۔
آئی ایم ایف کے سہارے ڈھونڈنے والا بندہ نہیں ہوں
نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرطیں مان لی گئیں تو غریب کیلئے کیسے مشکل پیدا نہیں ہو گی، آئی ایم ایف کے سہارے ڈھونڈنے والا بندہ نہیں ہوں، مریم نواز ہر جگہ پہنچ رہی ہیں، روٹی کی قیمت کم کرنے پر شاباش کی مستحق ہیں۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کے پاس مدد مانگنے نہیں گیا تھا، نہ ہی میں نے بنی گالا جا کر ووٹ مانگے، ہم جیل میں تھے تو آپ نے اے سی اتروا دیئے تھے، اب آپ جیل میں ہیں، میرا تو دھیان بھی ایئر کنڈیشنز کی طرف نہیں گیا،آپ نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔