(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے شوبز انڈسٹری میں کامیابی کا نسخہ بتا دیا۔
روبینہ اشرف نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے نوجوان اداکاروں کو انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اہم مشورہ بھی دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں صرف خوبصورت نظر آنے سے کامیابی نہیں ملتی بلکہ اچھا اداکار بننے کے لیے کردارکو حقیقت کے قریب تر پیش کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھا اداکار بننے کے لیے کسی بھی کردار کو سکرین پر اس انداز میں پیش کرنا ہوتا ہے تاکہ ناظرین بھی اس کردار کے جذبات کو محسوس کرسکیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی اداکار اپنے کردار کو حقیقت کے قریب تر پیش نہیں کرسکتا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ بطور اداکار ناکام ہوگیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان اداکاروں کو ڈائریکٹر سے اپنے کردار کو بہتر بنانے کے لیے بات کرنی چاہیے لیکن ساتھ ہی انہیں اپنے سینئر اداکاروں سے بھی مشورہ لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ روبینہ اشرف ڈرامہ سیریل ’حسرت‘ میں فہد شیخ (ارہم) کی والدہ کا منفی کردار نبھا رہی ہیں، جس کی دیگر کاسٹ میں کرن حق، سبحان اعوان، جینیس ٹیسا، پروین اکبر ودیگر شامل ہیں۔