(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی پاکستان کے ساتھ دوستی لازوال ہے۔
دورہ چین پر روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ آج چین کے دورے پر جا رہا ہوں، چین کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی ہے، ہم دونوں ملک ایک دوسرے پر اعتبار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کا تعلق ایک ہمسائے کا ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا، چاہے طوفان، جنگ اور مشکلات آئیں چین نے بھائیوں کی طرح ساتھ نبھایا، تمام معاملات میں پاکستان چین کے ساتھ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے گزشتہ دور میں چین کیساتھ پاکستان کی دوستی اور تعلق نئے دور میں داخل ہوئے، چین پاکستان کا ایسا دوست ہے جس کی مثال ملنا مشکل ہے، چین کےساتھ پاکستان کا تعلق 75سال پر محیط ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں 145ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے باب کے آغاز سے پاکستان میں بجلی کے اندھیرے چھٹ گئے، میرا یہ دورہ دونوں ملکوں کی دوستی کی ایک اور اونچی سمت متعین کرے گا، اس دورے میں سی پیک کو نئے دور میں داخل کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ٹو میں صنعتوں کے قیام اور حکومت سے حکومت کے درمیان بڑے منصوبوں پر غور ہوگا، دورے کے دوران بزنس ٹو بزنس روابط میں بہتری لانے کیلئے بات چیت ہوگی، چین کے صدر شی جن پنگ ایک ویژنری رہنما ہیں، تائیوان کو پاکستان چین کا ٹوٹ انگ سمجھتا ہے۔