(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ڈمپل کوئین ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کی ہونے والی ٹرولنگ سے نمٹنے کا طریقہ بتادیا۔
حا ل ہی میں ہانیہ عامر ایک غیر ملکی ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی اور میزبان کے تندوتیز سوالات کے سنبھل کر جوابات دیئے۔
پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ آپ سوشل میڈیا پر اکثر غیر ضروری ٹرولنگ کا سامنا کرتی ہیں لیکن اس کا مقابلہ کیسے کرتی ہیں؟
سوال کے جواب میں ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ نفرت انگیز تبصرے مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتے ، سوشل میڈیا پر ہونے والے منفی تبصرے میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میری منیجر یا والدہ مجھے کوئی مشورہ دیں گی یا نصیحت کریں گی تو میں اس پر عمل کروں گی کیونکہ یہ لوگ میرے لیے معنی رکھتے ہیں، میری نظر میں ان کی رائے کی اہمیت ہے۔
ہانیہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی میرے بارے میں سخت رائے رکھتا ہے اور وہ بولتا بھی ہے تو یہ بات مجھے کچھ دیر کیلئے تو ضرور پریشان کرے گی لیکن میں صرف اس بات سے خود کو زیادہ دیر پریشان نہیں کروں گی۔