(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی اہلیہ گوری خان اور تینوں بچوں کے ہمراہ پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی۔
سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کی پُرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ بھارتی ٹی وی پروگرام کی ہے، یہ پروگرام بھارت سے باہر شوٹ کیا گیا تھاجس میں پاکستان کی سابقہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی شرکت کی تھی۔وائرل ویڈیو میں حنا ربانی کھر کے پاکستان سے متعلق سوال پر شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ وہ 15 سے 17 سال کی عُمر کے درمیان اپنے والد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ میرے والد کے خاندان کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے ہے اور میں بھی اپنے والد کے ہمراہ اپنے آباؤ اجداد کا گھر دیکھ چکا ہوں۔اداکار نے کہا کہ میں اپنے والد کے ہمراہ پشاور، سوات، لاہور اور کراچی گھومنے گیا تھا، ہمیں پاکستان کے لوگوں نے بہت عزت اور پیار دیا تھا جبکہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی بھی بہت اچھی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانیوں کی مہمان نوازی میں سب سے زیادہ اس بات نے متاثر کیا تھا کہ اگر وہاں مہمان کسی چیز کی تعریف کردیتا ہے تو مذکورہ چیز فوری مہمان کو دے دی جاتی ہے۔شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ مجھے پاکستان میں بہت اچھا لگا اور میری خواہش ہے کہ میں اپنے تینوں بچوں اور اہلیہ گوری خان کو بھی پاکستان دکھانے لیکر جاؤں۔