(ویب ڈیسک) پاکستان سے بھارت منتقل ہو کر وہاں کی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع کی اپنے بیٹے اذان سمیع کی سالگرہ پر محبت بھری پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر بیٹے اذان سمیع کے ہمراہ تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ اُنہوں نے بیٹے کے نام محبت بھرا نوٹ بھی جاری کیا۔گلوکار نے اذان سمیع سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کو ہمارے خوبصورت رشتے کا اندازہ نہیں لیکن یہ ان کا مسئلہ ہے اور سچ تو یہ ہے کہ میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا کہ میں آپ سے کتنی محبت کرتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے آپ پر اور آپ کی ان تمام کامیابیوں پر ناقابلِ یقین حد تک فخر ہے جنہیں حاصل کرنے کے لیے آپ نے بہت محنت کی ہے اور موسیقی کے ساتھ آپ کا لگاؤ دیکھ کر میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔عدنان سمیع نے کہا کہ بحیثیت باپ، میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں اور میں اُن لوگوں سے بھی پیار کرتا ہوں جو آپ کے مداح ہیں، جو آپ سے محبت کرتے ہیں۔
عدنان سمیع نے بیٹے کو دُعا دیتے ہوئے کہا کہ میری دُعا ہے کہ آپ کی زندگی کا یہ نیا سال آپ کے لیے اچھی صحت، خوشی، سکون، کامیابی اور خوشحالی لیکر آئے جس کے آپ مستحق ہیں۔گلوکار نے مزید کہا کہ آپ ہمیشہ روشن ستارے کی طرح چمکتے رہو،آپ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں رہو، سالگرہ مبارک ہو بچے، میری دُعائیں اور محبت آپ کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ عدنان سمیع نے سال 2015 میں بھارتی شہریت حاصل کرلی تھی، وہ شہریت حاصل کرنے سے پہلے بھی کئی سال تک کام کے سلسلے میں بھارت میں ہی مقیم رہے۔