(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر کوئی فیس نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بکراعید پر زیرو ویسٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت میونسپل اداروں کے چیف آفیسرز کا اجلاس منعقد ہوا ۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔عیدالاضحیٰ پلان کو حتمی شکل دی گئی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بریفنگ دی ۔
وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ جانور سیل پوائنٹس "نو پرافٹ نو لاس" کی بنیاد پر قائم کیے جائیں گے۔ شہروں میں قربانی والے ہر گھر میں ماحول دوست بیگز مفت فراہم کریں گے۔ مختلف شہروں میں جانور سیل پوائنٹس کے خود اچانک دورے کروں گا۔عیدالاضحی سے 10 روز قبل اور 3 روز بعد تک میونسپل ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کی جائے گی ۔
ذیشان رفیق نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات ہیں کہ صفائی انتظامات پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سینئر افسر بھی فیلڈ کے دورے کریں۔
وزیر بلدیات نے کہا ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کا انتظار کئے بغیر الائشیں ساتھ ساتھ ٹھکانے لگائی جائیں گی ۔ وزیر بلدیات نے ہر بلدیہ سے عیدالاضحیٰ کی حکمت عملی تحریری طور پر طلب کر لی۔ بلدیہ حکام نمایاں مقامات اور سیل پوائنٹس پر اپنا موبائل نمبر آویزاں کریں گے، سیکرٹری بلدیات آفس میں صوبائی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا، ہر علاقے کے منتخب نمائندوں کو بھی مانیٹرنگ عمل میں شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں صفائی میں کوتاہی برداشت نہیں کرونگا۔