(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جیل ریفارمز کا جامع پلان طلب کر لیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل، آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران فیصل آباد اور راولپنڈی میں وویمن جیلوں کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی جیلوں کو شہر سے باہر قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نوازشریف نے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کا حکم دیتے ہوئے پنجاب بھر کے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں جیلوں سے جرائم پیشہ افراد کے ممکنہ بیرونی رابطوں پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جیلوں کی سائبر سیکورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔