(لاہور نیوز) پنجاب میں ہیٹ ویو کے اثرات سے نمٹنے کے لئے حکومتی اداروں نے کمر کس لی، متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے اِس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے متعدد اقدام اٹھائے گئے ہیں، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے ڈی سیز کے ساتھ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 27 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے، صورت حال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کے حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تھل اور چولستان میں پانی کے باؤزرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اِس سلسلے میں دونوں علاقوں کے لئے پانی کے متعدد باؤزرز مختص کر دیئے گئے ہیں اور ہر باؤزر میں 12 ہزار لٹر تک پانی کی استطاعت ہے۔
صورت حال کے پیش نظر عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔