(لاہور نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیکس چوری کو کرپشن اور بدعنوانی نہیں سمجھا جاتا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، آپ 36ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرسکتے ہیں، اگر آپ ٹھیک سے ٹیکس اکٹھا کرلیں تو کسی آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والے اسمبلیوں تک پہنچ گئے، ہمارے ملک میں ٹیکس چوری کو جرم ہی نہیں سمجھا جاتا ہے، ایف بی آر جتنا ٹیکس اکٹھا کرتا ہے اس سے 3گنازیادہ اکٹھا کیا جاسکتا ہے۔
وزیردفاع کا مزید کہنا تھاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹیکس چوری کی وارداتیں جاری ہیں، ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے دیانتداری کی ضرورت ہے، ٹیکس چوری کو لوگ کرپشن یا بدعنوانی نہیں سمجھتے بلکہ عقل کی چیز سمجھتے ہیں، پنجاب گورنمنٹ کی ملکیت 60ہزار دکانیں ہیں، ان دکانوں کا کرایہ 2یا 4ہزار ہے، اس کے ساتھ ہی پرائیویٹ دکان کا کرایہ 50ہزار سے1لاکھ ہوتا ہے۔