(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو سنگین چیلنجز درپیش ہیں، ہماری حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے۔
غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا سعودی عرب کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، کسی بھی وزیراعظم کا سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ ایک روایت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاک سعودی تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، دونوں برادر ممالک کی غم اور خوشی مشترک ہے، سعودی عرب کے اعلیٰ سطح حالیہ روابط سے معیشت میں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان نے گزشتہ آٹھ برسوں میں مثالی کامیابیاں حاصل کیں، سعودی ولی عہد کی مدبرانہ فراست و مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکا، شہزادہ محمد بن سلمان کے مملکت کا وژن 2030 دنیا کیلئے ایک مثالی نمونہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ اور اعلیٰ سرمایہ کاری وفد کا دورہ پاکستان نیا سنگ میل ثابت ہوگا، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی اور چین سے تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے پرعزم ہیں، دوست ممالک کے ساتھ بھی دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو فروغ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بیرونی قرضوں سے نجات کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کو سنگین چینلجز کا سامنا ہے، ہماری حکومت کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، انشاءاللہ شہباز سپیڈ اب پاکستان اسپیڈ ہوگا، ہم وقت ضائع نہیں کریں گے۔