(لاہور نیوز) گندم سکینڈل کی نیب سے تحقیقات کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے، درخواست میں وزیر اعظم بذریعہ پرنسپل سیکرٹری، سابق نگران وزیراعظم، نیب اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے پہلے دو ماہ میں 7.78 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، حکومتی سطح پر بنائی گئی کمیٹی شفاف تحقیقات نہیں کر سکتی، حکومت خود گندم سکینڈل کا حصہ ہے، میرٹ پر تحقیقات ممکن نہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کو گندم کے میگا سکینڈل کی تحقیقات کے لیے درخواست دی مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ نیب کو گندم کے میگا سیکنڈل کی تحقیقات کا حکم دیا جائے، گندم سکینڈل کے محرکات کا تعین کر کے رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔