(لاہور نیوز) پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی تشکیل پر کام شروع کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی قائم کردہ کمیٹی نے بلدیاتی اداروں کی مدت چار سال کرنے کی تجویز دیدی، اجلاس کی صدارت وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی، سیکرٹری بلدیات اور سیکرٹری قانون نے کمیٹی کو سابق بلدیاتی قوانین پر بریفنگ دی، اجلاس میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن بنانے کی تجویز دی گئی۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ نئے بلدیاتی نظام میں 15 ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسل قائم ہو گی، پندرہ ہزار سے 50 ہزار آبادی تک ٹاؤن کمیٹی بننی چاہئے، 50ہزار سے 2 لاکھ آبادی میں میونسپل کمیٹی بنانے کی سفارش کی گئی، دو لاکھ سے 5 لاکھ تک آبادی کیلئے میونسپل کارپوریشنز بنانے کی تجویز سامنے آئی، اس موقع پر وزیربلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پانچ لاکھ سے اوپر آبادی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن بنائی جائے گی۔
ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ جتنا چھوٹا لوکل گورنمنٹ کا حجم ہو گا اتنے زیادہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہونگے، نئی مردم شماری کے بعد نئی بلدیاتی حلقہ بندی ضروری ہے۔